• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات سے پاک پشاور مہم زور و شور سے جاری ہے، ضلعی انتظامیہ

پشاور ( وقائع نگار )صوبائی درلحکومت پشاور میں منشیات سے پاک پشاور مہم زور و شور سے جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی دیگر محکمے اور ویلفیئر آرگنائیزیشن اس مہم میں شریک ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کے انتظامی افسران کی نگرانی میں دیگر محکموں کے افسران اور ویلفیئر آرگنائیزیشن کے سٹاف کے ہمراہ رات کے اوقات میں کارخانو پھاٹک، حیات آباد، یونیورسٹی روڈ،شعبہ چوک و ریلوے پھاٹک، سنہری مسجد روڈ، نوتھیہ، باچا خان چوک ، ہشتنگری پھاٹک، دلہ زاک روڈ، گلبہاراور دیگر علاقوں میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے حوالے سے میگا آپریشن کیا گیا ڈپٹی کمشنرپشاور شفیع خان نے مہم کی بذات خود نگرانی کی اور کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر احتشام الحق بھی کاروائیوں کے دوران فیلڈ میں موجود رہے اور کارروائیوں میں حصہ لیا۔ رات کے اوقات میں پشاور بھر سے 351 منشیات کے عادی افراد کو محکمہ سماجی بہبود، دوست ویلفیئر ، کیئر ویلفیئر اور الخدمت فائونڈیشن کے مختلف فلاحی مراکز منتقل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کاروائیوں کے بعد مختلف فلاحی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے نشے کے عادی افراد کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے ہدایات جاری کیں ان فلاحی مراکز میں ان افراد کافری علاج کیا جائے گا تاکہ وہ نشہ آور اشیاء کو ترک کر کے باعزت شہری کی طرح معاشرے میں زندگی گزار سکیں۔ واضح رہے کہ پشاور میں منشیات سے پاک پشاور مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں پر تمام محکموں کے نمائندے ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ۔ کنٹرول روم سے تمام کارروائیوں کو براہ راست مانیٹر کیا جا رہا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1052قائم کی گئی ہے ۔عوام اس نمبر پرمنشیات کے عادی افرادکے بارے میں اطلاع کر سکتے ہیں . پشاور میں نشئی افراد کے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔
پشاور سے مزید