• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان برطانیہ کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانے کی ضرورت، وزیراعظم

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اشتراک کار موجود ہے اور دونوں ممالک اور عوام کے مابین تاریخی روابط موجود ہیں.

 پاکستان برطانیہ کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کوبڑھانے کی ضرورت ہے،دونوں ملکوں کے مابین دیرینہ اشتراک کار موجودہے، ،وہ گزشتہ روزبرطانیہ کی مسلح افواج کے وزیر جیمز ہیئپی سے گفتگوکررہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی .

 وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین انہانسڈ سٹریٹجک ڈائیلاگ سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی.

 انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، دونوں ممالک کے درمیان رواں سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اسے بہترین انداز میں منایا جائیگا اور اس سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید بڑھانے کے نئے مواقع میسر آئیں گے.

 وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیااور کہا کہ 4 کروڑ افغانوں کی فلاح و بہبود اہم ترجیح ہونی چاہئے، یوکرین تنازع سے ترقی پذیر ملک متاثر ہوئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید