• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین یٰسین ملک کی رہائی کیلئے اثرو رسوخ استعمال کرے، علی رضا سید

برسلز (حافظ انیب راشد ) چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضا سید نے کہاہے کہ معروف کشمیری لیڈر یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے دومرتبہ عمر قید بشمول دس سال قید بامشقت کی سزا انتہائی قابل مذمت ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی عدالت نے بدھ کے روز نام نہاد اور بے بنیاد مقدمات میں یاسین ملک کو دو مرتبہ عمر قید بشمول دس سال قید بامشقت اور دس لاکھ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یاسین ملک بے بنیاد الزامات کے تحت تین سالوں سے بھارتی جیل میں ہیں جہاں ان کی جان کو خطرہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی عدالت نے اب پرانے جعلی الزامات کے تحت جن میں دہشت گردی کا بے بنیاد الزام بھی شامل ہے، یاسین ملک کو سزا سنائی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری بشمول یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ یاسین ملک کی جان کو خطرات بڑھ گئے ہیں۔ یاسین ملک کو سزا دینے کا مقصد کشمیریوں کے حوصلوں کو پست کرنا ہے لیکن کشمیری ہرگز اپنے حق خوددارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ اس سے پہلے بھارتی حکومت مقبول بٹ اور افضل گرو کو بھی غیرمنصفانہ عدالتی سماعت کے ذریعے سزائے موت دے چکی ہے اور بہت سے حریت رہنما بے بنیاد الزامات کے تحت جیل میں ہیں۔ یاد رہے کہ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید چند روز قبل یاسین ملک کی جلد از جلد اور غیرمشروط رہائی کے لیے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل، یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون درلین، یورپی یونین کے اعلیٰ سفارتی نمائندہ جوزف بوریل اور یورپی پارلیمان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ ڈیوڈ میک آلیسٹر کو خطوط بھی لکھ چکے ہیں۔ جن میں کہا گیا ہے کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور اپنا اثرروسوخ استعمال کریں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے خرم پرویز، محمد احسن انتو، صحافی سجادگل اور فہد شاہ اور دیگر سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بھی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے ان کشمیریوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کر رکھا ہے اور جیلوں کے اندر حفظان صحت کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔ ان تمام کشمیری قیدیوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔ کشمیر کونسل ای یو اس سے پہلے ان کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے مہم شروع کرچکی ہے۔ پہلے قدم کے طور پر چند ہفتے پہلے کونسل کے کارکنوں نے ان کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کی تصاویر اٹھا کر ان کی قید کے خلاف احتجاج کیا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے واضح کیا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سمیت غیرانسانی اقدامات سے کشمیریوں کی تحریک کو نہیں دبا سکتا۔
یورپ سے سے مزید