• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا نے 2 چینی کمپنیوں پر پابندی عائد کردی

اوٹاوا (نیوز ڈیسک) کینیڈا نے 2چینی کمپنیوں ہواوے اور زیڈ ٹی ای پر پابندی عائد کردی ۔ خبررساں اداروں کے مطابق کینیڈا کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے خدشات کے تحت اس نے فائیو جی نیٹ ورک بچھانے والی چین کی 2ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مغربی ممالک پہلے ہی ایسی پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابقبیجنگ اور اوٹاوا کے درمیان کئی دنوں سے سفارتی کشیدگی پائی جاتی ہے اور اس فیصلے کی بہت پہلے سے توقع کی جا رہی تھی۔ کینیڈا کے وزیر صنعت فرانسس فلپ شمیپن نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں کے نیٹ ورک کو ایسی مصنوعات یا سروسز کی اجازت نہیں دی جاسکتی،جو ہماری قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کی دونوں کمپنیوں نے اس سلسلے میں جو ساز و سامان نصب کیا ہے، اسے ہٹانا ہوگا۔ واضح رہے کہ فائیو آئیز نامی انٹیلی جنس گروپ میں امریکا ، برطانیہ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور کینیڈا شامل ہیں۔ یہ تمام ممالک چین کی کمپنی ہواوے پر پابندی لگا چکے ہیں۔ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہواوے کو تکنیکی سطح پر عالمی طاقت بننے میں چین کی ترقی کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ امریکا اور دیگر ممالک کا کہنا ہے کہ بیجنگ فائیو جی نیٹ ورکس کی کمپنی پر سائبر جاسوسی کے لیے دباؤ ڈال سکتا ہے۔ دوسری جانب بیجنگ اور ہواوے کمپنی کی جانب سے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی جاتی رہی ہے۔

یورپ سے سے مزید