برسلز( حافظ اُنیب راشد ) برسلز میں منعقد ہونے والے ایک چیرٹی ڈنر کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ وسائل کی کمی کے باعث ڈائلیسز کے بہت سے مریض انتظار میں ہی اپنی جان گنوا چکے ہیں لیکن مشینوں کی تعداد میں اضافے اور ان کے خون کو صاف کرنے کی ضروریات کو پورا کرکے بہت سی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ یہ معلومات کڈنی سینٹر گجرات کے چیئر مین میاں سعید نے برسلز کے معروف کاروباری علی دلدار چوہدری کی جانب سے اس حوالے سے منعقدہ چیرٹی ڈنر میں فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات کڈنی سینٹر اپنے قیام سے لے کر اب تک ایک لاکھ سے زائد ڈائلیسز کر چکا ہے ۔ اس میں سے 95 فیصد مریضوں کو یہ سہولت مفت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کڈنی سینٹر مکمل طور پر ائر کنڈیشنڈ ہے جس سے ڈائلیسز کے دوران مریضوں کو سہولت رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر مریض کو ہر ہفتے 2 یا تین ڈائلیسز چاہئے ہوتے ہیں جب کہ ایک ڈائلیسز کرنے پر 5000 کے اخراجات ہوتے ہیں، ہمارے ہاں استعمال ہونے والی تمام مشینیں جرمنی سے خریدی جاتی ہیں، ہم ری کنڈیشنڈ مشین نہیں لیتے جب کہ اس عمل میں استعمال ہونے والی تمام کٹس بھی جرمنی ہی کی ہیں، ڈالر کی قیمت میں اضافہ ڈائلیسز کی لاگت میں بھی اضافہ کر دیتا ہے۔ کڈنی سینٹر کے چیئر مین میاں سعید نے مزید آگاہ کیا کہ اس وقت سینٹر میں 42 مشینیں ہیں لیکن علاقے کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ہم ان کی تعداد پہلے مرحلے میں 50 اور پھر 100 کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیونکہ ایک طرف مریضوں کے انتظار کی لسٹ بڑھ رہی ہے اور دوسری طرف ہم کسی زندہ مریض کو یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ وہ اپنا علاج بند کردے ، اس لیے کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ جب وسائل مہیا ہوئے اور ہم اس تک پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہا، چیرٹی ڈنر کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کڈنی سینٹر کے ڈائریکٹر چوہدری اظہر نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے اس مشن کو چند دوستوں نے اپنے اللہ کے ساتھ تجارت سمجھ کر شروع کیا تھا اور اسے اللہ ہی چلا رہا ہے، انہوں نے لوگوں کو مدعو کیا کہ وہ بھی اس تجارت کے پارٹنر بن جائیں، انہوں نے وضاحت کی کہ ہسپتال میں آنے والے صرف 2 فیصد مریض اپنے اخراجات ادا کرتے ہیں جب کہ 3 فیصد مریض جزوی طور پر ادائیگی کرتے ہیں، اس موقع پر انہوں نے اپنے ایک ڈائریکٹر چوہدری اعجاز کی خدمات کا بھی ذکر کیا جن کے سالانہ افطار ڈنر کی وجہ سے کثیر عطیات اکٹھے ہوئے تھے۔ بعد ازاں عطیات کی اپیل کی گئی اور کثیر عطیات جمع ہوئے ، علی دلدار چوہدری بڑا عطیہ دیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض میاں شعیب نے انجام دیئے جب کہ تلاوت کلا پاک کی سعادت حافظ عامر رزاق نے حاصل کی۔ میاں افتخار نے کلام باہو سنایا۔ اس موقع پر کونسلر ناصر چوہدری، ملک اخلاق احمد، حسن شاہ ، ندیم احمد اور علی دلدار چوہدری نے بھی مہمانوں سے گفتگو کی۔