• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شدید گرمی میں بڑھتی لوڈشیڈنگ، عوام بلبلا اٹھے، امتحانات دینے والے طلبہ طالبات بھی پریشان

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگا واٹ سے بڑھتے ہی شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہو گیا جبکہ دیہات میں دورانیہ 12سے 14گھنٹے تک جا پہنچا جس سے شدید گرمی میں عوام بلبلا اٹھے ۔ ادھر رات کے وقت کی جانے والی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ۔شہر کے بعض علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی کی جارہی ہے جس سے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔ تاجروں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بعد لوڈ شیڈنگ نے بھی کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس وقت ملک میں پانی سے 5262میگا واٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1317میگا واٹ جبکہ نجی شعبوں کے بجلی گھروں سے 9963میگا واٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ دریں اثناء لوڈ شیڈنگ کے باعث بورڈ امتحانات دینے والے طلبہ، طالبات کو بھی شدید مسائل کا سامنا ہے اور ان کی تیاری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ادھر جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں مرمت کے نام پر بھی چار سے پانچ گھنٹے بجلی بند ش کے باوجود لوڈ شیڈنگ بھی کی جاری ہے۔ صارفین نے آئیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کرکے عوام کو مشکلات سے بچایا جائے۔ ادھر میڈیا ٹائون، اڈیالہ روڈ، ڈیفنس روڈ سمیت دیگر علاقوں کے صارفین نے بھی لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کر تے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس شدید گرمی میں انہیں ریلیف دیا جائے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ شام اور رات کے وقت کی جانے والی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔
اسلام آباد سے مزید