برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) پی ٹی آئی بلجیم نے شہباز شریف حکومت کی جانب سے اوورسیز کے ووٹ کے حق کو واپس لینے کیلئے کی پاکستان کی پارلیمنٹ میں کی جانے والی ترمیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے اوورسیز پاکستانیوں کی توہین قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے برسلز کے نواح میں پی ٹی آئی بلجیم کی مقامی قیادت نے غلام ربانی بابو کی صدارت میں ایک مذمتی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مقررین نے کہا کہ اس حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ہمارے ووٹنگ کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے ، ہمیں یہ حق آئین پاکستان نے دیا ہے، ہم اس حق کو سرنڈر نہیں کریں گے۔ اجلاس کے مقررین نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق صدر آصف زرداری کے اس بیان پر بھی شدید رد عمل کا اظہار کیا کہ اوورسیز گمراہ ہیں اور انہیں پاکستان کے زمینی حقائق کا نہیں معلوم، مقررین نے کہا کہ اوورسیز رات کو اپنا وطن اپنی آنکھوں میں سجا کر سوتے ہیں، انہیں ہی تو صحیح ادراک ہے کہ ساری اشرافیہ مل کر پاکستان کے ساتھ کر کیا رہی ہے، مقررین نے سابق وزیراعظم کے اس خیال کو جائز قرار دیا کہ یہ حکومت اپنے مقدمات کو ختم کرنے کیلئے اقتدار میں آئی ہے، اسی لیے نیب اور دیگر اداروں میں غیر قانونی چھیڑ چھاڑ جاری ہے۔ مقررین نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومتی کابینہ کی اکثریت پربد عنوانی کے الزامات ہیں جس کا مہذب دنیا کے کسی اور ملک میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اور یہی وہ وجہ ہے جس کے باعث اوورسیز اس قیادت کو دیکھ کر شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ اجلاس کے مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی بھر پور حمایت جاری رکھی جائے گی۔ اس موقع پر جن مقررین نے اظہار خیالات کیا ان میں شکیل گوہر، شیخ کاشف، ناصر ناہرہ، راجہ طارق، آصف برلاس،مہر عبدالمالک، طاہر فیاض کھوکھر ایڈووکیٹ، ذیشان علی، ڈاکٹر ساجد حسین، راجہ مظہر، ندیم احمد اور راجہ شوکت ودیگر شامل شامل تھے۔