• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کردیا

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی وزیراعظم مسٹر بورس جانسن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پیر کو وزیر اعظم جانسن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ان کے انتخاب اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔برطانوی وزیراعظم نے برطانیہ کی پاکستان کیساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش پر زور دیا۔

شہباز شریف نے باہمی تعلقات بڑھانے کیلئے 10 سالہ روڈ میپ تیار کرنے کی تجویز دی اور برطانوی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکہ برطانیہ کی تاجپوشی کی پلاٹینم جوبلی تقریبات پر برطانیہ کو مبارکباد دی۔

دونوں رہنماؤں نے پاک برطانیہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایان شان طریقے سے منانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ شہبازشریف نے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیائی خطے میں اسٹریٹجک توازن برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 دونوں وزرائے اعظم نے یوکرین کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم بورس جانسن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید