اسلام آباد( نیوز رپورٹر،کامرس رپورٹر) وزیراعظم محمدشہبازشریف آج بروز پیر بزنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورزراعت پروزارت خزانہ کی طرف سے منعقدہ پری بجٹ کانفرنس سے خطاب کرینگے۔
ماہرین آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائلکاروبار اور برآمدی شعبوں کے بارے میں نئے خیالات اور سفارشات پیش کرینگے.
وزارت خزانہ کی جانب سے اتوارکوجاری کردہ پریس ریلیزمیں بتایاگیاہے کہ پاکستان کو اس وقت افراط زر میں اضافہ ، بڑے بیرونی خسارہ ، شرح مبادلہ اورزرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال جیسے کئی معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ۔
علاوہ ازیں موجودہ عالمی اقتصادی منظرنامہ بھی ملکی اقتصادی منظرنامہ کیلئے خدشات پیدا کر رہا ہے ۔ موجودہ حکومت کو کلی معیشت کے بڑھتے عدم توازن پرمبنی ایک ایسی معیشت ورثے میں ملی ہے جس نے پاکستان کو مالیاتی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
اس پر قابو پانے کے لیے موجودہ حکومت نے مختلف فوری اقدامات کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنانے، قیمتوں میں استحکام اور بیرونی اور مالیاتی شعبوں کی پائیداری کو برقرار رکھنے کیلئے مختصر وقت میں اقدامات کیے ہیں۔