• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ‘ مضر صحت آئسکریم اور قلفی بنانیوالی 2فیکٹریاں سیل‘ ایک کو جرما نہ

کوئٹہ(خ ن)کوئٹہ میں مضر صحت آئس کریم اور قلفی بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیر معیاری پروڈکشن اور بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر 2 فیکٹریاں سیل جبکہ ایک فیکٹری پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔ بی ایف اے حکام نے فیکٹریوں کے خلاف کارروائی ڈائریکٹر آپریشنز ہیڈ کوارٹر طارق حسین کی سربراہی میں مشرقی بائی پاس و ملحقہ علاقوں میں کی ۔ڈائریکٹر آپریشنز بی ایف اے کے مطابق بچوں کیلئے تیار کردہ آئسکریم اور قلفی میں فوڈ کلرز کی جگہ مضر صحت رنگ و آلودہ پانی استعمال کیا جارہا تھا ، فیکٹریوں میں صفائی و نکاسی آب کے انتظامات انتہائی خراب اور مشینری زنگ آلود پائی گئی جبکہ آئسکریم و قلفیوں کی پیکنگ پر پہلے سے مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخ پرنٹ کی گئی تھی۔ مزید برآں ورکرز کی ذاتی صفائی کی حالت خراب اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے ، جس پر ابتدائی مرحلے میں 2 فیکٹریوں کو سربمہر اور ایک پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں بی ایف اے زونل ٹیم نصیر آباد نے مچ میں جنرل اسٹورز ، ہولسیلرز ، میٹ شاپس سمیت متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا ، دوران معائنہ ایک ہولسیل ٹریڈر سے بڑی تعداد میں زائدالمیعاد پیکٹ مصالحے ، پابندی عائد غیر معیاری کوکنگ آئل اور پان پراگ گٹکا برآمد جبکہ ایک جنرل اسٹور سے ایکسپائر بسکٹ ، مصالحہ جات اور ممنوعہ چائنیز نمک پکڑا گیا ۔ کارروائی کے دوران پکڑی گئیں زائد المیعاد و مضر اشیاء ضبط کرکے بعدازاں تلف اور دونوں مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔
کوئٹہ سے مزید