• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تائیوان کے نزدیک چین کی سرگرمیاں باعث تشویش،رابطے کے چینل کھولنے کو تیار ہیں، امریکا

سنگاپور (اے ایف پی) امریکا کی تائیوان کے قریب چین کی فوجی سرگرمیوں پر سخت تنقید؛ امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ہم نے تائیوان کے قریب اشتعال انگیز اور غیر مستحکم کرنیوالی فوجی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ کسی غلط فہمی سے بچنے کیلئے ہم چین کے ساتھ ورابطے کے تمام چینل کھولنے کیلئے تیار ہیں،چین نے امریکا کو دھمکی دی ہے کہ اگر تائیوان نے خودمختاری کا اعلان کیا تو چین مکمل جنگ کیلئے تیار ہے،تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے تائیوان کے قریب چین کی ’اشتعال انگیز، غیر مستحکم کرنے والی‘ فوجی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ایشیا پیسیفک کے وسیع علاقے میں بیجنگ کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر سخت تنقید کی ہے۔ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تائیوان پر تناؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جسے چین اپنا علاقہ سمجھتا ہے ۔ بیجنگ نے اس سال تائیوان کے فضائی دفاعی زون میں درجنوں دراندازیاں کی ہیں اور جمعہ کو وزیر دفاع وی فینگے نے آسٹن کو خبردار کیا کہ اگر جزیرے کی آزادی کا اعلان ہوتا ہے تو چین جنگ کے لیے تیار ہے۔ سنگاپور میں شنگری لا ڈائیلاگ سیکورٹی سمٹ سے خطاب میں آسٹن نے تائیوان کی جانب بیجنگ کے ’بڑھتے ہوئے جبر‘ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے فورم کو بتایا کہ ہم نے تائیوان کے قریب اشتعال انگیز اور غیر مستحکم کرنے والی فوجی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں حالیہ مہینوں میں اور تقریباً روزانہ کی بنیاد پرریکارڈ تعداد میں تائیوان کے قریب پرواز کرنے والے (چینی فوجی) طیارے شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دونوں جانب سے جمود میں یکطرفہ تبدیلیوں کی واضح طور پر مخالفت کرتے ہیں۔ لیکن انہوں نے غلط اندازوں سے بچنے کے لیے ’چین کے دفاعی رہنماؤں کے ساتھ رابطے کی مکمل کھلی لائن‘ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دنیا بھر سے سے مزید