وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں عوام کو چائے کی کھپت میں کمی کرنے کی تجویز کی تو سوشل میڈیا پر ’آدھا چائے کا کپ‘ وائرل ہوگیا۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا تھا کہ ʼقوم چائے کے ایک یا دو کپ کم کریں کیونکہ ہم جو چائے درآمد کرتے ہیں وہ بھی ادھار لیکر کرتے ہیں، اگر تیل مہنگا ہوتا ہے تو ہمیں اس کے استعمال کو کم کرنا ہوگا تاکہ ملک پر کم سے کم بوجھ پڑے‘۔
احسن اقبال نے کہا تھا کہ ’جب تک چائے کی پیداوار میں خود کفیل نہیں ہوتے یہ ہمارا فرض ہے کہ وہ تمام چیزیں بچائیں جن پر ہمیں اپنا قیمتی زرِ مبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے‘۔
پاکستانی عوام، جن کو چائے بےحد پسند ہے، اُنہیں احسن اقبال کی یہ تجویز بالکل پسند نہیں آئی، انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرے شروع کردیے۔
احسن اقبال کی تجویز پر سوشل میڈیا صارفین کا ردّعمل:
ایک صارف نے انوکھے چائے کے کپ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مارکیٹ میں یہ کپ آدھی قیمت میں دستیاب ہے، چاۓ بھی آدھی کپ اور قیمت بھی آدھی، کیا خیال ہے پاکستانیوں؟‘
ناصر خان نامی صارف نے چائے سے اپنی محبت بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’چائے میری زندگی میں لازم ہے ایسے، عاشق کو محبوب کا دیدار ہو جیسے‘۔
ایک صارف نے دُکھ بھرے انداز میں لکھا کہ ’یہ میرے حقوق کی خلاف ورزی ہے‘۔
ایک اور صارف نے بھارتی اداکارہ شہناز گِل کی میم شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ ’کیا کروں، میں مرجاؤں‘۔
امبر نامی صارف نے احسن اقبال کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس میں کوئی بری بات نہیں ہے، اگر چائے کا استعمال کم کر دیا جائے‘۔