• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں بھارت کے ساتھ بھی اقتصادی روابط بڑھانا ہونگے، بلاول

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ملک کی معاشی ترقی کے لیے امریکا کے ساتھ اقتصادی روابط چاہتے ہیں جبکہ ہمیں بھارت کے ساتھ بھی اقتصادی روابط بڑھانا ہوں گے، پاکستان نے ہمیشہ چین اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کیا، بی جے پی رہنمائوں کے بیانات نے بھارت میں تشدد کو ہوا دی۔اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹیڈیز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چین سے پاکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوں گے۔ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کی بے مثال دوستی کی مثال ہے۔چین امریکا تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ چین اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ۔ بڑی عالمی طاقتوںکے درمیان پاکستان اب بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ہم معاشی ترقی کے لیے امریکا ساتھ بھی روابط چاہتے ہیں۔بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی مہم خطرناک حد کو چھونے لگی ہے۔ بی جے پی رہنمائوں کے بیانات نے بھارت میں تشدد کو ہوا دی ہے۔ وہاں ہندووتوا ذہنیت پنپ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر شہید کے دور میں بھارت سے معاشی انگیجمنٹ مضبوط تھی۔ ہمیں بھارت کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانا ہوں گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی طاقتوں امریکا اور چین کے درمیان اقتصادی روابط کی بنا پر یہ قضیہ اتنا نہیں بڑھا جتنا بڑھ سکتا تھا۔