اثنا حامد
پیارے بچو! آج ہم آپ کو نیوزی لینڈ کے قومی پرندے کیوی کے بارے میں بتاتے ہیں، جس کی تعداد تشوش ناک حد تک کم ہورہی ہے۔ آپ کے امی ابو نے وہ اشتہار شائد سنا ہو جس میں ٹیچر بچوں سےسوال کرتی ہیں۔ ’’پیارے بچو !کیوی کیا ہے؟ اور پھر بچے جواب دیتے ہیں کہ ’’کیوی ایک پرندہ ہے جو پالش کی ڈبیہ پر رہتا ہے‘‘۔ نہیں بھئی، کیوی ہے تو پرندہ، مگر پالش کی ڈبیہ میں نہیں بلکہ نیو زی لینڈ کے جنگلوں میں رہتا ہے یہ جانوروں کی سب سے قدیم نسل سے تعلق رکھتا ہے اور یہ اڑ نہیں سکتا کیونکہ اس کے پر ہی نہیں ہوتے۔
یہ پرندہ گھریلو مرغی کے برابر حجم رکھتا ہے اور اپنی جسامت کے اعتبار سے یہ سب سے بڑا انڈہ دیتا ہے۔ اس کی کل پانچ مختلف اقسام ہیں، اس کی کئی اور باتیں عام پرندوں سے مختلف ہیں یعنی اس کا سر چھوٹا اور جسم پر پنکھ بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ اس کی دم بالکل نہیں ہوتی ، ٹانگیں مضبوط اور جسم کے پچھلے حصے سے جڑی ہوتی ہے۔
اس کے بال دوسرے پرندوں سے مختلف ہوتے ہیں۔ یہ لمبے موٹے بالوں کی طرح نظر آتے ہیں۔ اس کی آنکھیں چھوٹی اور کمزور ہوتی ہیں۔ کیوی کے پَر اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ بمشکل نظر آتے ہیں۔ یہ رات کے وقت کھانا پینا تلاش کرنے نکلتا ہے، اپنی لمبی سی چونچ سے رات کے وقت سونگھ کر کیڑے مکوڑے تلاش کر کے اپنی خوراک حاصل کرتا ہے اور درختوں کی جڑوں میں اپنا ٹھکانا بناتا ہے۔
اس کی نسل تیزی سے معدوم ہوتی جا رہی ہے۔ ایک کیوی کا وزن ایک کلوگرام سے 3 کلو گرام تک ہوتا ہے۔ اس کا تعلق شتر مرغ کے خاندان سے ہے۔ اگر ان کی دیکھ بھال نہ کی گئی تو اگلی نسل ان کو دیکھ بھی نہیں سکےگی۔