لاہور کے علاقے بستی سیدن شاہ میں نوجوان نے تعلقات برقرار نہ رکھنے کی رنجش پر خواجہ سرا پر تیزاب پھینک دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
صوبائی وزیر عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ تیزاب گردی سنگین جرم ہے، ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
تھانہ ریس کورس کی بستی سیدن شاہ میں ملزم حمزہ سلیم نے خواجہ سرا کنزہ پر تیزاب پھینک دیا، جس سے اس کا چہرہ اور ایک آنکھ متاثر ہوئی، واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔
صوبائی وزیر عطا تارڑ بھی خواجہ سرا کنزہ کے گھر پہنچے اور اسے تسلی دی۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سرا اور دیگر پسے ہوئے طبقات کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے، میری یہاں آمد سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے۔
دوسری جانب خواجہ سرا کنزہ کا کہنا تھا کہ وہ ماڈل ٹاؤن میں بطور شیف کام کرتی ہے، گھر کے باہر کھڑی تھی کہ ملزم گاڑی پر آیا اور تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا۔
خواجہ سرا کے گرو کا کہنا تھا کہ ملزم کنزہ سے زبردستی تعلقات استوار رکھنا چاہتا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کے نوٹس لینے پر پولیس نے فوری سراغ لگا کر ملزم حمزہ سلیم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا۔