• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اربوں کے 3 کروڑ بیلٹ پیپرز چھپ چکے، تیاریاں مکمل، الیکشن کمیشن

کراچی ( محمد منصف / اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے 14؍ اضلاع کے لئے اربوں روپے کے اخراجات سے 3؍ کروڑ بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں اور پہلے مرحلے میں دو دن بعد 14؍ اضلاع میں انتخابات منعقد کرنے کی تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد میں انتخابات کیلئے عمل شروع ہوچکا ہے جہاں درخواست گزار ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتیں کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں، آئینی ذمہ داری اور تمام قانونی تقاضوں کے عین مطابق حکومت سندھ کی مشاورت کے بعد الیکشن شیڈول جاری کیا جبکہ حلقہ بندیوں میں بھی تمام شکایات سماعت کے بعد نمٹائی گئیں، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست ناقابل سماعت ہے مسترد کی جائے، عدالت عالیہ آج ( جمعہ ) دوبارہ سماعت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے تحریری جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ تین کروڑ بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں جو کراچی اور حیدر آباد کے سوا سندھ کے دیگر 14اضلاع میں ترسیل کئےجا رہے ہیں ، الیکشن کمیشن کے مطابق فی بیلٹ پیپر کی اوسط لاگت 115 ؍ روپے آئی ہے دیگر سامان کیلئے اخراجات الگ ہیں اور پہلے مرحلے میں ان 14؍ اضلاع میں دو روز بعد اتوار کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے جبکہ کراچی اور حیدر آباد میں دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس میں درخواست گزار ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں اور مزید بھی کرا رہے ہیں۔حلقہ بندیوں کے لیئے ضلعی الیکشن کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ڈی لمیٹیشن اتھارٹی بنائی جس نے موصول ہونے والی دونوں طرف سے شکایات پر سماعت کر کے نمٹائی گئیں۔
اہم خبریں سے مزید