• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشتر کی طالبات کو ٹرپ سے واپسی پر ہاسٹل میں داخلے سےروک دیا گیا

ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر میڈیکل کالج کی فورتھ ائیر کی طالبات کو ٹرپ پر جانا مہنگا پڑ گیا ، ہاسٹل وارڈن نے ہاسٹل میں داخل ہونے سے روک دیا ، طالبات نے پوری رات اسمبلی ہال اور کالج کے لان میں بیٹھ کر گزار ی ، ینگ ہاؤس آفیسرز نے وارڈن کے رویے پر احتجاج کیا ہے، نشتر میڈیکل کالج کے فورتھ ائیر کے طلباء و طالبات نے گزشتہ سے پیوستہ روز ٹرپ پر جانے کے لئے متعلقہ حکام سے اجازت لی ، تاہم ٹرپ سے واپسی پر طلبا کو ہاسٹل بھیج دیا گیا جبکہ رفیدہ ہال کی 25 سے 30 طالبات کو رات گئے تک اسمبلی ہال میں زبردستی روک دیا گیا اور بعد ازاں بحکم ہاسٹل وارڈن صائم اشرف طالبات کو ہاسٹل میں داخل ہونے سے بھی روک دیا گیا ، اس دوران گرمی اور حبس کے باعث2طالبات کی طبیعت خراب ہو گئی ، جنہیں ایمرجنسی منتقل کر دیا گیا ، ادھر ینگ ڈاکٹرز کے رہنما ڈاکٹر عبدالقدوس نے کہا کہ ہاسٹل وارڈن کی اپنی بیٹیاں ہوتی تو کیا ان کو ایسے پوری رات ہاسٹل سے باہر رکھا جاتا ، انکوائری کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے،ادھرنشتر انتظامیہ نے کہا ہے کہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے،گرمیوں کی چھٹیوں کی وجہ سے ہاسٹلز کو بند کردیا جاتا ہے صرف فارن سٹوڈنٹس کو ہاسٹلز میں رہنے کی اجازت ہوتی ہے، سٹوڈنٹس بغیر پیشگی اطلاع یہاں پہنچے تو ہاسٹل گیٹ بند ہونے کی وجہ سے انہیں احاطے میں ہی محفوظ جگہ پر ٹھہرایا گیا تھا صبح جب ان سٹوڈنٹس نے وائس چانسلر سے ہاسٹلز میں رہنے کی درخواست کی تو انہوں نے متعلقہ حکام کو سٹوڈنٹس کو ہاسٹلز میں رہائش اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ملتان سے مزید