• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی ایندھن کی خریداری روکنے کیلئے بھارت پر امریکی دباؤ

واشنگٹن (جنگ نیوز )روسی ایندھن کی خریداری روکنے کیلئے بھارت پر امریکا نے دبائو ڈالنے کی کوشش کی ہے، امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ روس سے گیس کی خریداری پر عائد پابندی کے نفاذ کے طریقہ کار پر بھارت اور دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ مشاورت شروع ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایئر فورس ون میں سوار صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جیک سلیوان نے یہ عندیہ بھی دیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی اس معاملے پر براہ راست بات چیت کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ بات چیت شروع کردی ہے کہ قیمت کی حد مقرر کرنے کا اقدام کیسے کام کرے گا اور اس کے کیا اثرات ہوں گے اور پھر اگر ضروری ہوا تو بات چیت کو قیادت کی سطح تک بڑھایا جاسکتا ہے۔امریکی میڈیا نے رواں ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ24فروری کو ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد سے روس سے بھارت کی خام تیل کی درآمدات میں50گنا اضافہ ہوا ہے۔بھارتی ریفائنریز نے مئی میں تقریباً 2کروڑ 5لاکھ بیرل روسی تیل خریدا۔ واشنگٹن سے وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیک سلیوان نے پیر کے روز اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈوول سے فون پر بات کی۔بیان میں وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ بات چیت کے دوران جیک سلیوان نے جمہوریت کے ساتھ مشترکہ وابستگی کی بنیاد پر مضبوط اور پائیدار امریکا-بھارت اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے صدر جو بائیڈن کے عزم کا اعادہ کیا۔
اہم خبریں سے مزید