• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیتھرو ائر پورٹ پر پروازوں کی منسوخی سے طویل قطاریں اور افراتفری

لندن ( پی اے ) ہیتھرو ائر پورٹ پر پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے مسافروں نے طویل قطاروں اور مکمل افراتفری کی شکایت کی ہے۔ ائر پورٹ نے ائرلائن کو جمعرات کے شیڈول سے 30 پروازیں منسوخ کرنے کیلئے کہا تھا جس کے بعد ہیتھرو ائرپورٹ پر طویل قطاریں لگ گئیں اور مکمل افراتفری کی صورت حال تھی ۔ برطانیہ کے سب سے بڑے ائرپورٹ نے ائر لائنز کو پروازوں کی تعداد کو کم کرنےکا کہا تھا کیونکہ اسے توقع تھی کہ بہت زیادہ تعداد میں مسافر آئیں گے اور یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو گی جس سے وہ اس وقت نمٹ رہا ہے۔ ائرپورٹ پہنچنے تک مسافروں کو اس کا علم نہیں تھا ان کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں ۔ ہیتھرو ائرپورٹ کا کہنا ہے کہ سیفٹی کیلئے پروازوں کی منسوخی ضروری تھی ۔ ٹریول رائٹر اور براڈکاسٹر اینڈی موساک نے ٹوئٹ کیا کہ جمعرات کو ہوائی اڈے پر مکمل افراتفری کی صورت حال تھی اور کسٹمر سروس زیرو تھی ۔ ایک اور مسافر نے ٹوئٹ کیا کہ جمعرات کی صبح پہنچنے کے بعد ٹرمینل 5 پر پر ذلت آمیز صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب مجھے اپنی پرواز کے منسوخ ہونے کا پتہ چلا۔ پی اے نے اطلاع دی کہ ایک مسافر اینڈریو ڈگلس نے کہا کہ اس نے چیک ان کے وقت یہ جاننے کیلئے چار گھنٹے قطاروں میں گزارے تھے کہ ان کی پرواز کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ دیگر مسافروں نے اپنی پروازوں کو دوبارہ بک کرنے کی کوشش کرتے وقت خراب کسٹمر سروس اور سپورٹ میں کمی کی شکایت کی ہے ۔ ہیتھروائرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ ہم متاثرہ مسافروں کو پیک سے باہر دوسری پروازوں پر دوبارہ بکنگ کروانے کے لیے ائر لائنز کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ جا سکیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم ان مسافروں کے سفری پلانز پر پڑنے والے اثرات پر معذرت خواہ ہیں ۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ اس موسم گرما میں ہیتھرو ائرپورٹ کے ذریعے ہر ایک کا سفر ہموار ہو اور سب سے اہم بات یہ یقینی بنانا ہے کہ ائرپورٹ پر تمام سروس پرووائیڈرز کے پاس ڈیمانڈ کو پورا کرنے کیلئے کافی وسائل موجود ہوں ۔ متاثرہ ائر لائنز میں سے ایک برٹش ائرویز کے ترجمان نے کہا کہ ہیتھرو کی ضروریات کے مطابق تمام ائرلائنز کیلئے شیڈولڈ پروازوں کی تعداد کو کم کرنے کے نتیجے میں ہم نے بہت کم تعداد میں پروازیں منسوخ کی ہیں ۔ ائرلائن کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ کسٹمرز سے اس تکلیف پر معذرت خواہ ہے اور اپنے کسٹمرز کے حقوق کے بارے میں مشورہ دینے اور انہیں متبادل آپشنز آفر کرنے کیلئے ان سے رابطے میں ہے جن میں رقم کی واپسی یا دوبارہ بکنگ شامل ہے۔ ورجن اٹلانٹک کا کہنا ہےکہ اس کی ہیتھرو سے نیویارک کی ریٹرن پرواز کو ہر سمت سے ایک ایک کم کر دیا گیا ہے جبکہ ائر فرانس ‘ کے ایل ایم‘ امریکن ائرلائنز‘ ڈیلٹا ائرلائنز‘ لفتھینسا ‘ ائر لنگوس‘ برسلز ائرلائنز اور ائر کینیڈاکی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں ۔ ماہ رواں کے اوائل میں تقریباً 5000 افرادبیگیج کو متاثر کرنے والے ٹیکنیکل ایشروز کی وجہ سے ہیتھرو ائرپورٹ پر منسوخی کا شکار ہوئے تھے۔ اس سے قبل پلاٹینم جوبلی اور ہاف ٹرم ہالیڈیز کے ہفتے میں لاکھوں مسافر برطانیہ کے ائرپورٹس پر تعطل اور پروازوں کی منسوخی سے متاثر ہوئے تھے۔ اس تعطل کے کئی اسباب تھے لیکن سٹاف کی قلت نے ایوی ایشن انڈسٹری کو بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ سے نمٹنے میں مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
یورپ سے سے مزید