• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

کرا چی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سندھ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی،جبکہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر محمد ساجد جوکھیو کو رین ایمرجنسی ملیر کا فوکل پرسن مقرر کردیا گیا ،اس سلسلے میں صوبائی وزیر نے ضلع کونسل کراچی، بلدیہ ملیر سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کردیا، انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں فوکل پرسن مقرر کردئیے ہیں اور ضلع کونسل کراچی، بلدیہ ملیر سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے، رین ایمرجنسی کی تمام انتظامات کی نگرانی میں خود کروں گا،دریں اثنا وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و وزیر اعلیٰ سندھ کی رین ایمرجنسی کے لئے بنائی گئی خصوصی ٹیم میں ضلع ایسٹ کے فوکل پرسن سعید غنی نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی سی ایسٹ آفس میں کنٹرول روم بنایا جائے، جس میں پولیس، ٹریفک پولیس، ڈی ایم سی، کے ایم سی، واٹر بورڈ، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت تمام ادارے  24گھنٹے رابطے میں رہیں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعلٰی سندھ کی جانب سے رین ایمرجنسی کے سلسلے میں بنائی گئی مانیٹرنگ کمیٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے فوکل پرسن اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے دفتر میں اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ویسٹ میں بارشوں سے قبل کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ اور تیاریوں اور انتظامات بالخصوص نالوں کی صفائی، چوکنگ پوائنٹس، مین شاہراہوں سمیت ڈی ایم سی کے تمام نشیبی علاقوں میں کئے جانے والے اقدامات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،وقار مہدی نے اورنگی نالہ میٹرو سینما نالہ، ارقم گراونڈ نالہ، یوسف گوٹھ نالہ پر جاری کاموں اور صفائی کا جائزہ بھی لیا، پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے میں حالیہ مون سون کی ممکنہ بارشوں کے متعلق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیاہے،جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ پی ڈی ایم اے سندھ کے ایمرجنسی سینٹر کے نمبروں021-99332742،021 -99332003-05،021-35381810 اور پی ڈی ایم اے سندھ کی ہیلپ لائن نمبر 1736پر بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید