• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوسٹر حادثہ میں جاں بحق 5طلباء کی نماز جنازہ آج فیصل مسجد میں ہو گی

اسلام آباد (حنیف خالد) راولپنڈی سے کوئٹہ جانیوالی کوسٹر حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد میں انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے پانچ طلباء بھی شامل تھے جبکہ دو طالب علم حادثہ میں زخمی بھی ہوئے۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور صدر ڈاکٹر ہزال حمود العطیسی نے حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حادثہ تیز بارش کے باعث پیش آیا جس کے دوران مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے پانچ طلباء سمیت 20افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے جاں بحق ہونیوالے طلباء میں الہاالدین‘ نواز‘ انوار الحق‘ سید عتیق اللہ اور محمد ادریس سارکزئی شامل ہیں جبکہ زخمی طلباء میں سعادت خان اور اورنگزیب شامل ہیں۔ مرحومین کی غائبانہ نماز جنازہ آج پیر کو فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عصر کے بعد ادا کی جائیگی جس میں یونیورسٹی انتظامیہ‘ فیکلٹی‘ سٹاف‘ طلباء اور جڑواں شہروں کے افراد شرکت کرینگے۔
اسلام آباد سے مزید