بیجنگ (جنگ نیوز )بحیرہ جنوبی چین میں سمندری طوفان کے دوران جہاز کے دو ٹکڑے ہونے کے بعد عملے کے 2 درجن سے زائد ارکان لاپتا ہوگئے جنہیں تلاش کرنے کے لیے امدادی کارکنان سرگرداں اور متحرک ہیں۔رپورٹ کے مطابق چین میں رواں سال آنیوالے پہلے طوفان کے دوران جنوبی ساحلوں پر شدید آندھی چلی اور خوب بارش ہوئی جبکہ پیش گوئی کرنے والوں نے ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے گوانگ ڈونگ سمیت دیگر صوبوں میں ریکارڈ بارشوں اور ان کے نتیجے میں تباہی کے انتہائی خطرے سے متنبہ کیا ہے۔قومی موسمیاتی مرکز نے بیان میں بتایا کہ سمندری طوفان، جسے چابا کا نام دیا گیا ہے، ہفتے کی دوپہر گوانگ ڈونگ کے ماومنگ شہر سے ٹکرانے کے بعد شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔