اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور شیریں مزاری کی پریس کانفرنس نے بشریٰ بی بی کو غداری کے سرٹیفکیٹ اور اداروں کیخلاف مہم کا ماسٹر مائنڈ ہونے کی تصدیق کر دی۔
بشریٰ بی بی نے اپنی تاریخی کرپشن چھپانے کیلئے بیرونی سازش اور غداری کا بیانیہ گھڑا ہے، سیاسی مخالفین صحافیوں اور اداروں کیخلاف گالم گلوچ کراتی رہی ہیں۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے تصدیق کر دی کہ بشریٰ بی پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا اور جھوٹے بیانیہ کی سربراہ ہیں۔
فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے تسلیم کر لیا کے آڈیو بشریٰ بی بی کی ہے اور سیاسی مخالفین کو غداری کے ساتھ لنک کرنا بشریٰ بی بی کی رائے ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اداروں کے خلاف مہم بشریٰ بی بی چلا رہی ہیں، ثابت ہو گیا گندی زبان والے ترجمانوں سے غیر اخلاقی پریس کانفرنس بشریٰ بی بی کروا رہی ہیں۔
سیاسی مخالفین کو غداری کے ساتھ لنک کرنے اور گالم گلوچ کے آگے اور پیچھے بشریٰ بی بی ہیں، اداروں کے خلاف مہم کی ماسٹر مائنڈ سابق خاتون اول ہیں۔