• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغانستان تجارت میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہیں، ضیاء الحق سرحدی

پشاور(جنگ نیوز)پاک افغان جائنٹ چیمبر کے نائب صدر ضیاء الحق سرحدی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت میں بہتری کا خیرمقدم کیا ہے یاد رہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سرحد کے دونوں جانب سے 817کے قریب ٹرک گزرے۔ اپنے ایک بیان میں ضیاء الحق سرحدی نے زبیر موتی والا، چیئرمین، شریک چیئرمین خان جان الکوزئی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو خطے میں بالعموم اور پاکستان اور افغانستان میں بالخصوص تجارت کے فروغ کیلئے ان کی مخلصانہ کوششوں پر مبارکباد دی۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران طورخم کے راستے ٹرکوں کے گزرنے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ 382کے قریب ٹرک پاکستان سے افغانستان برآمدی سامان لے کر گئے جب کہ 435افغانستان سے سامان لے کر آئے جن کی کل تعداد 817ہے۔انہوں نے تجارت میں اضافے کی راہ ہموار کرنے والے سامان سے لدے ٹرکوں کی کلیئرنس کو تیز کرنے میں ایف بی آر، کسٹمز، این ایل سی،ایف سی اور دیگر سمیت متعلقہ محکموں کے تعاون کو بھی سراہا۔ ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ اس خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تجارت کی بہتری بنیادی اہمیت کی حامل ہے جو پہلے ہی غربت اور محرومی کا شکار ہے پاک افغان تجارت ہزاروں لوگوں کے لیے روزی روٹی پیدا کرنے کا ایک ذریعہ ہے جو دہشت گردی اور عسکریت پسندی سے بری طرح متاثر ہونے والے خطے میں خوشحالی لا سکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاک افغان تجارت کے فروغ میں کردار کوسنہری حروف سے لکھاجائے گاجس سے سرحد پار لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچے گاانہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کےپاک افغان تجارت کے اسٹیک ہولڈرز کے اجلاسوں کی تکمیل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان رکاوٹوں کو دور کرنے اور دوطرفہ تجارت میں بہتری کے مزید ثمرات سامنے آئیں گے۔اس سلسلے میں انہوں نے پشاور اور چمن (بلوچستان)میں اسٹیک ہولڈرز کی حالیہ میٹنگوں کا بھی ذکر کیا اور پاکستان اور افغانستان دونوں حکومتوں کو ایک قابل عمل پالیسی کی سفارش کی گئی۔
پشاور سے مزید