پشاور( لیڈی رپورٹر )عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور عوامی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع کے انتظامی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں امن و امان برقرار رکھنے، پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی، اور اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ چاند رات پر پولیس گشت میں اضافہ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرکاری کرایہ نامے پر عملدرآمد کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز اور آر ٹی اے اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔صفائی کے مؤثر انتظامات کے لیے ڈبلیو ایس ایس پی اور ٹی ایم ایز کو اضافی عملہ تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ عوامی تحفظ کے پیش نظر کھلونا اسلحہ، دریاؤں میں نہانے اور کشتی رانی پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے اور تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ۔