• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

جکارتہ (جنگ نیوز) امریکا اور چین کے وزرائے خارجہ کی انڈونیشیا کے شہر بالی میں ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ چینی ہم منصب کے ساتھ مفید، واضح اور تعمیری بات چیت رہی۔ امریکا اور چین کے تعلقات نہ صرف فریقین بلکہ پوری دنیا کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔انڈونیشیا میں جی ٹوئنٹی ممالک کا اجلاس رواں برس نومبر میں ہوگا۔ اس سے قبل ان ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہفتے کو ہوا جس سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے امریکا اور چین کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی۔امریکا اور چین کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے باہمی گفت و شنید کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔امریکی وزیر خارجہ نے چین کے ساتھ تعلقات اور مسابقت میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے راستے کھلے رکھیں گے۔چین کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ سے ٹھوس اور تعمیری ملاقات رہی۔ ایسی ملاقاتوں سے افہام و تفہیم بڑھانے اور غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا ایک بڑا ملک ہے اس لیے ذمہ داری بھی امریکا کی زیادہ بنتی ہے۔ مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعمیری ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔
اہم خبریں سے مزید