اسلام آباد سے مفت بس سروس کے ذریعے شہری بڑی تعداد میں مری کا رخ کر رہے ہیں، اب تک ہزار سے زائد مسافر سیر و تفریح کے لیے مری جا چکے ہیں، فری شٹل بس سروس عید کے تیسرے روز تک چلائی جائے گی۔
عید کی چھٹیوں میں بل کھاتے راستے، سر سبز پہاڑوں کے دامن میں خوبصورت اور دلکش وادیاں دیکھنے کے شوقین مری کا رخ کر رہے ہیں، لیکن اس بار پنجاب حکومت نے شہریوں کو یہ تفریح مفت فراہم کی ہے، بھارہ کہو سے مری لوئر ٹوپہ تک عید کے تین دن فری شٹل سروس نے سیاحوں کی عید کا مزہ دوبالا کر دیا ہے۔
مری کی سیر کے لیے پنجاب حکومت نے 45 بسیں فراہم کی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ بغیر کرائے کے فیملی کے ساتھ عید پر مری جاکر تفریح کرنے کا موقع مل جائے تو اور کیا چاہیے۔
عید کے تیسرے روز تک فری بس سروس کی سہولت صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گی۔
ٹریفک کے رش میں پھنسنے کا جھنجھٹ نہ کرائے کی فکر، شہری شٹل بس سروس کو ٹورزم کے فروغ کے لیے قابل ستائش قرار دے رہے ہیں۔