کوئٹہ( این این آئی) کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدراجمل کاکڑ نے کوئٹہ میں بلوچستان امن جرگے کے دفتر پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں اجمل کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے صوبے میں قبائلی دشمنیوں کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہمیشہ کردارادا کیا ہے کوئٹہ میں بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ پر فائرنگ صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جس کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بار ایسوسی ایشن بلوچستان امن جرگے کے دفتر پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہے اورصوبائی حکومت اور پولیس سے مطالبہ کرتا ہے کہ بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزاد ی جائے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراور عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔