بارسلونا (شفقت علی رضا) اسپین کے نواحی علاقے ’’ترینی تات بیا‘‘ میں ہونے والا سپر فور شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹ گجر کلب نے جیت لیا ۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل گجر کلب’’ ترینی تات بیا‘‘ اور وڑائچ کلب کے مابین ہوا جو کانٹے دار مقابلے کے بعد وڑائچ کلب نے واضح برتری سے جیت کرفائنل میں جگہ بنائی جب کہ دوسرا سیمی فائنل گجر کلب بادالونا اور پاک کشمیر کلب کے مابین تھا جو گجر کلب نے جیتا اور فائنل میں پہنچ گئے ۔ فائنل میں گجر کلب نے مقررہ وقت میں وڑائچ کلب سے دو پوائنٹ زیادہ لے کر مقابلہ جیتا اور ٹرافی اپنے نام کر لی ۔پہلا انعام ٹرافی اور نقد انعام مہمان خصوصی محمد شیراز بھٹی صدر تحریک انصاف اسپین نے کامیاب گجر کلب کے کپتان شانی گجر کو دیا جب کہ رنر اَپ ٹرافی بزنس مین چوہدری اشفاق باغانوالہ نے نقد انعام کے ساتھ وڑائچ کلب کے کپتان شیری وڑائچ کو دیا ۔فائنل میچ کے دوران شائقین نے کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نوازا اور ان کو شاندار الفاظ میں داد دی ۔انتظامی امور چوہدری نوید وڑائچ ، چوہدری فہد مختار گجر ، چوہدری مدثر نون ، راجہ ارسلان مرل ، میاں رفاقت نواب ، فہد گجر کوٹلہ، سارنگ خان ، احسان اللہ ، مہر الیاس ، ماجد گوندل اور دیگر نے انجام دیئے۔ قونصل جنرل بارسلونا مرزا بابر سلمان ، امانت مہر ، عبدالغفار مرہانہ ، گلریز بوگا ، خالد شہباز چوہان عدنان مہدی ، صفدر اقبال وڑائچ بھی موجود تھے۔ شائقین کی کثیر تعداد کی وجہ سے ہال میں جگہ کم پڑ گئی۔ اسپین کے مقامی اداروں کے عہدیداران بھی ٹورنامنٹ دیکھنے آئے تھے۔ قونصل جنرل بارسلونا مرزا بابر سلمان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صحت مندانہ سرگرمیاں مقامی کمیونٹی کو مثبت تاثر اور پیغام دینے کا باعث بنتی ہیں ، انہوں نے کہاکہ اس طرح کے ٹورنامنٹ پاکستان کی دیہی ، ثقافتی اور روایتی تہذیب کے عکاس ہوتے ہیں ۔ اس موقع پر انتظامیہ کی طرف سے تمام کھلاڑیوں اور مہمانوں کیلئے عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔ شائقین کا مطالبہ تھا کہ ایسے ٹورنامنٹس زیادہ سے زیادہ منعقد ہونے چاہئیں جن سے ہمارے کلچر کو اجاگر کیا جا سکے اور ہماری نوجوان نسل میدانوں کا رخ کرے۔ فائنل میچ کے دوران شائقین پاکستان زندہ باد اور اسپین پائندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔