• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے دوران تیز بارش کا امکان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے دوران مون سون کا تیسرا اسپیل برس سکتا ہے۔

مون سون کا یہ تیسرا سسٹم 23 سے 26 جولائی تک سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 24 تا 26 جولائی کراچی میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مون سون کے پہلے فیز میں 15 اگست تک بارشوں میں شدت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج سے شروع ہونے والا مون سون کا تیسرا سسٹم مضبوط ہے، یہ سسٹم ملک کے 80 فیصد حصے میں تیز بارشوں کا باعث بنے گا۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی حصے میں آج رات سے یہ سسٹم اثر انداز ہو سکتا، کل صبح سے سسٹم جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں اثر انداز ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ 23 سے 26 جولائی کے دوران سندھ میں تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ کراچی میں 24 سے 26 جولائی کے دوران تیز بارشوں کا امکان ہے۔

سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سسٹم کا زیادہ تر حصہ زمین پر ہونے کے باعث اس کی شدت زیادہ ہے، خلیجِ بنگال سے نم ہوائیں مون سون سسٹم کو مضبوط کر رہی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت کے بعد اس سسٹم کو بحیرۂ عرب سے نمی کی سپورٹ رہے گی۔

واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 24 جولائی کو کراچی اور حیدرآباد میں انتخابات ہونے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید