لاہور(خصوصی رپورٹر)سیکرٹری بلدیات عمران سکندر بلوچ نے کہا ہے کہ بھاٹی گیٹ لاہور اور قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کی بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبے تیار کر لیے گئے ہیں جن پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔وہ لوکل گورنمنٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔متعلقہ افسران نے سیکریٹری بلدیات کو اجلاس میں قلعہ کہنہ قاسم باغ اور بھاٹی گیٹ منصوبے کے اہم خدووخال پر بریفنگ دی۔سیکر ٹری نے بتایا کہ بھاٹی گیٹ منصوبے کے لیے عالمی بینک کی معاونت حاصل کی جائے گی۔ اجلاس میں قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کے انتظامی معاملات کے لیے کوآرڈینیشن بورڈ قائم کرنے پر غور کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو قاسم باغ بحالی منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔عمران بلوچ نے کہا کہ ʼʼدلکش ملتانʼʼ میں شہر کی اہم تاریخی عمارتوں کی بحالی کو شامل کیا گیا ہے جس پر 50کروڑ مالیت خرچ کا تخمینہ ہے ۔