اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ چین سے 2ارب 30کروڑ ڈالر کی مالی معاونت مل گئی ہے ،آئی ایم ایف سے بھی اگست میں قسط مل جائے گی ، تیل کے درآمدی بل میں نمایاں کمی ،ملک کی ضروریات کیلئے 34دن کا پٹرول اور 66دن کا ڈیزل موجود ہے،عمرانی فتنہ جھوٹ پہ جھوٹ بول رہا ہے، ہمارا مقابلہ فاشسٹ جماعت سے ہے ، عمران خان کا ایجنڈا قومی اداروں کو تباہ کرنا ہے ، جمہوری طریقے سے اسے شکست دیں گے ،عام انتخابات 2023 میں ہوں گے، وزیر مملکت پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تیل کے درآمدی بل میں نمایاں کمی لائی گئی ہے ، حکومت برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی کی حکمت عملی پرعمل پیرا ہے،پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے بھی موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، ملک کی ضروریات کیلئے 34دن کا پٹرول اور 66دن کا ڈیزل موجود ہے ۔جمعرات کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس میں خرم دستگیر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ،2018کے الیکشن میں بھی پنجاب میں ہماری اکثریت تھی اور ہمارے ارکان کی تعداد166اور عمرانی فتنے کی تعداد 155تھی،انہوں نے کہا کہ17جولا ئی کو مسلم لیگ ن نے پنجاب میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا اور اس میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا،کوئی پریزائیڈنگ افسر اور نہ کوئی ووٹ بکس چوری ہوا،پرامن طریقے سے الیکشن کا انعقاد کیا گیا ،وفاقی وزیر نے کہا میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ جھوٹ چھوڑ دو اور اس ملک کی بہتری کیلئے قدم بڑھائو، عمران خان کی سیاست سے معیشت تباہ ہورہی ہے، عمران خان کی وجہ سے ہمارے دوست ممالک بھی پریشان ہیں۔