لندن ( پی اے ) ایسٹ لندن میں سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان سے اپریل میں 72000 پونڈ مالیت کی گھڑی بندوق کے زور پر چھینے جانے کا الزام چوتھے شخص پر عائد کر دیا گیا ۔ 35 سالہ باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ فریال مخدوم اور ایک فرینڈ کے ساتھ ایک ریسٹورنٹ سے باہر نکلے تھے کہ ہائی روڈ لیٹن ایسٹ لندن میں کسٹم میڈ فرینک مولر کا ٹائم پیس چھین لیا گیا ۔ شیلڈن روڈ ایڈمنٹن نارتھ لندن کے 24 سالہ اسماعیل محمد جمعرات کو ٹیمز مجسٹریٹس کورٹ میں لایا گیا جس پر ڈکیتی کی سازش کا الزام ہے۔ وہ ڈکیتی کی اس واردات میں نامزد کیا جانے والا مشتبہ چوتھا شخص ہے۔ دیگر تین افراد پر جون میں اسی عدالت میں پیشی کے بعد فرد جرم عائد کر دی گئی تھی۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ نارتھ لندن سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان 25 سالہ احمد بانا ‘ 24 سالہ نورالامین اور 20 سالہ ڈینیٹ کیمبل کا عدالت نے ریمانڈ دیا ہے اور انہیں 4 اگست کو سنارسبروک کرائون کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سڑک پر عامر خان کے قریب ایک کار رکی اور اس میں سے متعدد افراد جمپ لگا کر نیچے اترے اور انہوں نے آتشیں اسلحے سے عامر خان کو خوف زدہ کیا اور ان کی گھڑی چھین کر لے گئے۔ بانا اور کیمبل کو نقلی فائر آرمز رکھنے کے الزام میں بھی چارج کیا گیا ہے۔ کیمبل کو تشدد کا خوف پیدا کرنے کی نیت سے نقلی فائر آرم رکھنے اور کستی سرٹیفیکیٹ کے بغیر آتشیں اسلحہ رکھنے کے مزید الزامات کا سامنا ہے۔ میٹ کا کہنا ہے کہ 22 سالہ شخص کو 4 جولائی کو ڈکیتی کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے مزید انکوائریزاور تفتیش کو زیر التوا رکھتے ہوئے اسے رہا کر دیا گیا۔