• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش بھی معاشی مشکلات کا شکار، IMF سے 4.5 ارب ڈالر قرض مانگ لیا

ڈھاکہ (جنگ نیوز )بنگلہ دیش بھی معاشی مشکلات کا شکار ہوگیا ،جس کے بعد اس نے بھی IMF سے 4.5 ارب ڈالر(10 کھرب پاکستانی روپے ) قرض مانگ لیا ،تفصیلات کے مطابق جنوبی ایشیائی ملک بنگلہ دیش نے بھی اپنے کم ہوتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کے باعث آئی ایم ایف کو ساڑھے چار ارب ڈالر قرض کی درخواست دے دی ہے۔ بنگلہ دیش خطے کے ممالک سری لنکا اور پاکستان کے بعد ایسا کرنے والا تیسرا ملک ہے۔ بنگلہ دیشی روزنامے ڈیلی اسٹار نے اپنی منگل 26جولائی کی اشاعت میں انکشاف کیا کہ بنگلہ دیش کی معیشت پر دباؤ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور اس دباؤ سے نمٹنے کے لیے ڈھاکہ حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو ساڑھے 4بلین ڈالر قرض کی درخواست دے دی ہے۔مراسلے میں لکھا ہے کہ ڈھاکہ حکومت کو یہ مالی وسائل اپنی بجٹ ضروریات کو پورا کرنے اور مالی ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھنے کے لیے بھی درکار ہیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی۔اس بنگلہ دیشی جریدے کے مطابق اس کے صحافیوں نے وہ دستاویزات خود دیکھی ہیں، جو بنگلہ دیشی وزیر خزانہ اے ایچ ایم مصطفیٰ کمال نے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا کو اتوار 24جولائی کو بھیجیں۔ اس بارے میں ڈھاکہ میں ملکی وزارت خزانہ کے حکام یا آئی ایم ایف کے بنگلہ دیش میں ملکی دفتر کی طرف سے کوئی بھی تبصرہ نہیں کیا گیا۔بنگلہ دیش میں ملکی مرکزی بینک نے ابھی حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اس نے اشیائے تعیش، پھلوں، اور ڈبوں میں بند خوراک کی درآمدات پر خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچانے یا کم از کم اس میں بڑی کمی کے لیے ایک پالیسی تیار کی، جس کا مقصد ایسی اشیاء کی درآمد کی حوصلہ شکنی تھا۔ایک سال قبل بنگلہ دیش کے پاس زر مبادلہ کے محفوظ ذخائر کی مالیت 45اعشاریہ 5بلین ڈالر بنتی تھی۔ اس سال 20 جولائی کو ان مالی ذخائر کی مالیت کم ہو کر 39اعشاریہ 67بلین ڈالر رہ گئی تھی اور یہ زر مبادلہ ساڑھے پانچ ماہ سے بھی کم عرصے کے دوران ملکی درآمدات کے لیے کافی تھا۔بنگلہ دیش میں اس کے بیرون ملک مقیم شہریوں کی طرف سے بھیجی جانے والی رقوم میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران کافی کمی ہو چکی ہے۔ ان ترسیلات زر میں جون کے مہینے تک پانچ فیصد کی کمی ہو چکی تھی اور ان کی مالیت 1اعشاریہ 48بلین ڈالر بنتی تھی۔
اہم خبریں سے مزید