• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط، دونوں نے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا، آرمی چیف

راولپنڈی (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاویدباجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی چین کی 95ویں سالگرہ پرمبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں ،دونوں ممالک نے کامیابی سے ہر چیلنج کا سامنا کیا.

ادھر آرمی چیف سےہالینڈ کے سفیر ووٹر پلومپ نے الوداعی ملاقات کی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 95ویں سالگرہ پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں گزشتہ روز تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے.

پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر نے پیپلز لبریشن آرمی کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا.

چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ، آل ویدر فرینڈز اورا سٹریٹجک پارٹنر ہیں،چین میں منعقدہ مشترکہ تعاون کمیٹی نے فوجی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قائم کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کے لیے مؤثر طریقے سے کام کرے گا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر و ترقی میں پیپلز لبریشن آرمی چین کے کردار کو سراہا۔

دونوںممالک، افواج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں ، پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں ،ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

بعد ازاں آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر ووٹر پلومپ نے الوداعی ملاقات کی.

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید