کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی اسپیکر پارلیمنٹ نینسی پیلوسی کے ممکنہ دورے تائیوان کے معاملے پر چین نے ایک بار پھر امریکا کو دھمکیاں دی ہیں، امریکا اور تائیوان کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ دورہ ایشیا کے موقع پر پیلوسی کے تائیوان جانے کا امکان ہے۔
یہ گزشتہ 25 برس میں کسی بھی امریکی اسپیکر پارلیمنٹ کا پہلا دورہ ہوگا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کے خوفناک سیاسی اثرات پر خبردار کیا ہے کہ چین کی خودمختاری اور سالمیت کو کوئی خطرہ ہوا تو چینی افواج ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے گی۔
دوسری جانب تائیوان کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پیلوسی ایک رات تائیوان میں قیام کریں گی۔
امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی محکمہ دفاع کے حکام نے پیلوسی کو محفوظ رکھنے کیلئے منصوبہ بندی کررکھی ہے اور خطے میں ہر لمحے چینی نقل وحرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر واضح کردیتے ہیں کہ بیجنگ پوری طرح سے تیار کھڑا ہے اور چینی افواج ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے گی۔
چین اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے بھرپور جوابی کارروائی کریگا۔
امریکی اسپیکر پارلیمنٹ کے ممکنہ دورہ تائیوان سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہوں نے جرات کی تو پھر انتظار کریں کیا ہوتا ہے۔
ادھر چینی افواج کے مشرقی کمانڈ کے سربراہ نے اپنے ایک آن لائن بیان میں تائیوان کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ تھیٹر کمانڈ کسی بھی آنے والے دشمن کو دفنا دے گا، انہوں نے چینی افواج کی عسکری اور جنگی صلاحتیوں کا مظاہرہ بھی دکھایا۔
علاوہ ازیں امریکی قومی سلامتی میں مشیر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشن جان کربی نے پیر کے روز واضح کیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ پیلوسی کے دورہ تائیوان پر ان کیساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔