کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے صوبے میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں،یہ بات انہوں نے یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں شنگھائی الیکٹرک گروپ کے صدر لیو پنگ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ بیت المال کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بیت المال کی جانب سے بارش متاثرین کی مدد کی جائے ۔ علاوہ ازیں چیف شماریات نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل مردم شماری اور پائلٹ ڈیجیٹل (مردم شمار) 27جولائی 2022ء سے شروع کی گئی ہے جس کے تحت فیلڈ سروسز جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں شنگھائی الیکٹرک گروپ کے صدر لیو پنگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں نائب صدر مسٹر یی ژیان رونگ، چیئرمین بلاک-1 پاور جنریشن کمپنی مسٹر مینگ ڈونگائی اور دیگر متعلقہ افراد شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کول بلاک ون کے متاثرہ افراد (پی اے پیز) کو تمام تر سہولتوں سے آراستہ کالونیاں قائم کر کے مناسب طریقے سے آباد کیا جائیگا۔بلاک I میں کام کرنیوالے شنگھائی گروپ کو رہائشی کالونی کی تعمیر میں تیزی لانی چاہیے تاکہ متاثرہ لوگوں کو وہاں آباد کیا جا سکے۔وزیر توانائی امتیاز شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلاک ون میں کام شروع ہونے سے دو دیہات متاثر ہوئے ہیں ، اس منصوبے سے آس پاس کے خاندان بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت انہیں ایک کالونی ، بہترین منصوبہ بندی کے تحت تعمیر شدہ مکانات فراہم کرے گی۔ امتیاز شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ شنگھائی گروپ نے متاثرہ افراد کیلئے مکانات کی تعمیر کیلئے 50فیصد ادائیگی کی ہے اور جیسے جیسے کام آگے بڑھتا جائیگا کمپنی بقایا 50فیصد رقم ادا کریگی۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے امتیاز شیخ کو ہدایت کی کہ وہ علاقے کی ضرورت کے مطابق مکانات کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔