• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، دورہ نیدرلینڈ کیلئے پاکستانی کرکٹرز کی تیاری شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دورہ نیدرلینڈز کیلیے اعلان کردہ قومی کرکٹرزنے جمعے کو لاہور میں رپورٹ کردی۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں کو خصوصی لیکچر دیا۔ اسکواڈ ہفتے سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گا۔ گیارہ اگست تک جاری رہنے والے کیمپ میں دو پریکٹس میچز بھی شامل ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جگہ نہ بنانے والے ٹیسٹ اوپنر شان مسعود جمعے کو کراچی سے لندن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ڈاربی شائر کائونٹی کیلئے سیزن کے بقیہ میچ کھیلیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف اتوارجبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان پہلے پریکٹس میچ کے بعد لاہور میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ اسکواڈ 11اور 12اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہوگا۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے بڑے بھائی اور ٹیسٹ فاسٹ بولر ریاض آفریدی کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کے گھٹنے کے میں تکلیف ہے اور ری ہیب میں بہتری آرہی ہے، میری ذاتی رائے میں شاہین کو چھوٹی ٹیموں کے خلاف آرام دینے کی ضرورت ہے ۔ جمعرات کو شاہین لاہورپہنچ گئے ہیں جہاں وہ پی سی بی میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی فٹنس پر کام کریں گے۔