• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید الشہدا کی قربانی تاقیامت فتح کا استعارہ ہے، مقررین

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سید الشہدااور اُن کے انصار کی قربانی تاقیامت فتح کا استعارہ ہے، امام عالی مقام کی شہادت نے مقتل کو مکتب میں تبدیل کردیا اورمکتب بھی وہ جو عالمگیر ہے جس کی کوئی حد کوئی سرحد نہیں،امام حسین رضی اللہ عنہ کی اپنے گھرانے اور رفقاکے ساتھ قربانی ایسی ہے کہ جس کی کوئی مِثل قرار نہیں دی جاسکتی،اِن خیالات کا اظہار مقررین نے جامعہ این ای ڈی کے شعبہ کنٹرولر اسٹوڈنٹ افئیرز کے زیرِ اہتمام مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد یومِ امامِ حسین ؑ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،فلسفہ حیات جاوداں پر روشنی ڈالتے ہوئے کلیدی مقرر آغا نصرت عباس بخاری نے کہا کہ کائنات میں دو قوتیں ہمیشہ رہی ہیں، ایک وہ قوت جو امرِالہی پر عمل پیرا ہے دوسری وہ جو امرِ الہی کو کاٹ کر اپنا امر دکھاتی ہے،دراصل امرِ الہی کی اطاعت ہی ”حیات“ ہے، نوجوانوں کو پیغامِ وحدت دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ کربلا کے واقعے سے سیکھیں کہ وحدت کیا ہے، شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام استقامت کا مظہر ہیں، یاد رکھیے ہر وہ قوم کامیاب ہوتی ہے جس میں استقامت ہو،مفتی نوید عباسی کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام کا سفر ان کاقیام سب بقائے دین کے لیے تھا، پرنسپل تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینیرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر رضا مہدی، ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر الیاس خاکی نے بھی شرکت کی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید