کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نائب امیر کراچی انجینئر سلیم اظہر، ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف،وائس ٹاؤن چیئرمین شعیب بن ظہیر اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف یوسیز کا دورہ کیا اور ٹاؤن کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا،اس موقع پرمنعم ظفر خان نے کہاکہ نیو کراچی ٹاؤن کے ”خوبصورت محلے، خوبصورت ٹاؤن“ کے عزم کے تحت تعمیر و ترقی کے پہلے فیز میں 600گلیوں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا اوراب تک 300گلیاں مکمل کی جاچکی ہیں، کراچی کا انفرا اسٹرکچر شدید تباہ حالی کا شکار ہے، موجودہ صورتحال میں سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام ٹاؤنز کو کم ازکم 5ارب روپے کی خصوصی گرانٹس فراہم کی جائے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نااہل ادارے ثابت ہوئے ہیں اور ان کی اس نااہلی کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔