• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کا آبنائے تائیوان پر باقاعدگی سے فوجی مشقوں کا اعلان

کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے آبنائے تائیوان کے مشرق میں فوجی مشقیں باقاعدگی سے کرنے کا اعلان کر دیا ہے، چینی فوج کا کہنا ہے کہ تائیوان کے ارد گرد اتوار کے روز فوجی مشقوں کے چوتھے روز زمین پر حملوں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے فضائی حملوں پر توجہ مرکوز رکھی گئی ، چینی فوج کی مشرقی کمانڈ کے سربراہ نے بتایا کہ انہوں نے پانیوں اور فضا میں حملوں کی براہ راست مشق کی ، تاہم انہوں نے مشقوں کے اختتام کے بارے میں نہیں بتایا ، دوسری جانب اتوار کے روز چین اور تائیوان کے لڑاکا طیارے کئی بار آمنے سامنے آئے ۔تائیوان کی وزرات دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینی فوج کے متعدد جنگی جہاز، طیارے اور ڈرونز اس کی بحری فوج اور جزیرے پر حملے کے طور پر گردش کر رہے تھے اور پھر انہوں نے بھی مناسب طریقے سے ردعمل دینے کے لیے اپنے جنگی طیارے اور ایئرکرافٹ روانہ کیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی طیاروں نے حدود کے قریب دباؤ پیدا کیا تو تائیوان کے لڑاکا طیارے نگرانی کرنے کے لیے نزدیک گردش کرتے رہے اور چینیوں کو حدود عبور کرنے کی صلاحیت سے روکتے رہے۔ ذرائع کے مطابق ایک طرف سے حدود عبور کرنے کی کوششیں ہوتی رہیں اور دوسری طرف کے لڑاکا طیارے راستے میں کھڑے رہے اور انہیں زیادہ پسماندہ پوزیشن پر مجبور کرتے رہے اور آخر کار وہ (چینی) طیارے پسپائی پر مجبور ہوئے ۔دریں اثناء چین نے آبنائے تائیوان کے مشرق میں فوجی مشقیں باقاعدگی سے کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ چینی میڈیا کے مطابق چین آبنائے تائیوان کے مشرق میں اب باقاعدہ فوجی مشقیں کیا کرے گا۔ چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین اورتائیوان کے درمیان تنگ سمندری راستے کی درمیانی لائن غیر سرکاری لائن آف کنٹرول ہے جسے عام طور پر چین اور تائیوان کے فوجی طیارے اور جنگی بحری جہاز عبور نہیں کرتے۔

دنیا بھر سے سے مزید