• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خانوادہ رسول ؐ کی شہادت کرہ ارض کا اندوہناک سانحہ ہے ، طاہرالقادری

لاہور(خصوصی رپورٹر)قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے 10محرم الحرام شہادت امام حسین ؓکے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خانوادہ رسول ؐ کی شہادت کرہ ارض کا المناک اور اندوہناک سانحہ ہے جسے انسانیت تاقیامت کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ پیغام کربلا یہ ہے کہ حق کا ساتھ دینا حسینیت اور دنیاوی مفادات کے لئے جھوٹ کا ساتھ دینا یزیدیت ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت امام ؓ نے میدان کربلا میں غلبہ حق کے لئے عظیم قربانی دے کر یزید کے باطل نظریات کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رد اور بے نقاب کر دیا، کربلا کے ریگزاروں سے شعور و آگہی اور حق وصداقت کے چشمے پھوٹے۔زندگی حق کے ساتھ بسر کرنی ہے تو پھر حسین ؓکے کردار سے راہنمائی لی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں سے اہل حق کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا۔یزیدیت آج بھی اسلام کی قدریں مٹانے، امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے سرگرم ہے جبکہ حسینیت اتحاد امت، اخوت، محبت، امن، حق گوئی و بے باکی کا نام ہے۔