• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورا پاکستان بند کرسکتے ہیں، رجیم تبدیلی سازش جاری، ہمیں فوج سے لڑانے، پارٹی توڑنے، مجھے نااہل کرانے کا منصوبہ ہے، عمران خان

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ… ایجنسیاں)سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو فوج سے لڑوانے کی سازش ہورہی ہےجس کے نتائج خطرناک ہوں گے ‘ شہباز گل نے جو کہا اگر قانون کے خلاف تھا تو اس پر چارج لگائیں‘کچھ غلط کہاہے توعدالت میں صفائی کا موقع ملنا چاہئے‘ٹی ٹی پی کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں پر حملے بھی سازش کے تحت کیے جا رہے ہیں‘فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور میری کردار کشی کر کے مجھے بدنام اورنااہل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے‘یہ پی ٹی آئی کو الیکشن میں ہرا نہیں سکتے اس لیے تکنیکی طور پر ناک آؤٹ کرنے کا سوچا جا رہا ہے‘پی ٹی آئی توڑنے کا پورا منصوبہ بنایا جا چکا ہے‘ الیکشن کمیشن کا فیصلہ اس کا آغاز ہے‘ہم نے صرف اور صرف پاکستان کا سوچا ہے، ہمارے پاس اسٹریٹ پاور ہے‘پورے پاکستان کو بند کرسکتے ہیں‘ 1970ء میں فوج اور ایک بڑی سیاسی پارٹی کے درمیان نفرت پھیلنے سے ملک ٹوٹ گیاتھا‘ آج وہی کوشش کی جارہی ہے‘صدر‘وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت سب کو ملنے والے تحائف کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ رجیم چینج کی سازش اب آگے چل رہی ہے‘خوفناک سازش کا پلان بنایا گیا ہے اورپلان بنایا گیا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی اور فوج کو لڑایا جائے ‘ انہیں سب سے بڑی تکلیف تھی کہ فوج اور حکومت ایک ہی پیج ہیں ‘ان کا کہنا تھاکہ ہمارے سوشل میڈیا کے جوانوں نے ڈس انفولیب کو بے نقاب کیا، ڈس انفو لیب پاکستان کے خلاف سازش کررہی تھی‘ سازش میں وہ لوگ بھی تھے جو امپورٹڈ حکومت میں ہیں‘ آج بتایا جارہا ہے کہ ہم غدار ہیں یہ محب وطن ہیں‘ یہ سازش ہے کہ فوج کےسامنے بڑی جماعت کو کھڑا کردیں۔عمران خان کا کہنا تھاکہ بڑی سیاسی جماعت کوفوج کیخلاف کھڑا کرنا ملک کیلئےسب سےزیادہ نقصان دہ ہے‘ سازش وہ لوگ کررہے ہیں جوخودبیرونی سازش کاحصہ ہیں، پوری کمپین کی ہوئی ہے کہ ہماری اور فوج کی لڑائی ہوجائے‘پارٹی توڑنےکاپورا پلان بنایا ہوا ہے۔ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، کرپٹ پارٹیاں کبھی فنڈ ریزنگ نہیں کرسکتیں، ہم نے 40 ہزارڈونر کے نام دیےہوئے ہیں‘باقی جماعتوں کے پاس کدھر سے پیسا آیاان کےپاس بتانے کو کچھ نہیں۔یہ الیکشن کمیشن سے مل کرہمیں تکنیکی طور پر ناک آؤٹ کرنا چاہتے ہیں‘ عدالتی حکم کےباوجود الیکشن کمیشن نے صرف پی ٹی آئی کو کٹہرے میں کھڑا کیا، کے الیکٹرک ان دو جماعتوں کےدورمیں عارف نقوی کو دی گئی‘سب کوتحفےملتے ہیں، سب کی تحقیقات کریں ، آصف زرداری نے 3اور نوازشریف نےایک گاڑی توشہ خانہ سے لی۔ سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ ان کی کوشش ہے کہ عمران خان کی کردارکشی کی جائے اور کسی کیس میں پھنسایا جائے، اتنا خوف پھیلا دو کہ کوئی میرا مؤقف نہ لے۔ان کا کہنا تھاکہ نہیں پتا کہ ڈرون حملے کیلئے پاکستان کی حدود استعمال ہوئی کہ نہیں، خیبرپختونخوا میں ہمارے وزیروں کو کالعدم ٹی ٹی پی سے دھمکی مل رہی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ شہباز گل نے کچھ غلط کہا ہے تو قانون موجود ہے، مجھے ملک کی فکر ہے جسے ملک کی فکر ہوگی تو وہ چاہے گا فوج کا ادارہ مضبوط ہو۔

اہم خبریں سے مزید