• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان کا کرایہ نہ سبزی دودھ کیلئے پیسے، بیروزگار نے 2 بیٹیاں ذبح کرکے خودکشی کرلی

فیصل آباد، ہیڈمرالہ(نمائندہ جنگ، نامہ نگار )فیصل آباد میں مکان کا کرایہ اور سبزی، دودھ کیلئے پیسے نہ ہونے پر غربت سے تنگ بیروزگار باپ نے2بیٹیوں کو چھری سے قتل کرکے خودکشی کرلی۔ ہیڈ مرالہ میں گھریلو جھگڑوں سےدلبرداشتہ ہوکر شادی شدہ خاتون نےہیڈ مرالہ پل سے دریائے چناب میں کود کر زندگی ختم کرلی۔پولیس کے مطابق فیصل آباد کےتھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ محمود آباد گلی نمبر15 کے رہائشی عتیق الرحمٰن نےبدھ کے روزچھری سے 11سالہ بیٹی زینب اور 17 سالہ علیشباہ کے گلے کاٹے،اسکے بعد ملزم نے رشتہ داروں کو فون پر بیٹیوں کو قتل کرنے کی اطلاع دی اور خود بھی پھندا لے کر جان دیدی۔ اطلاع پر ایس پی مدینہ ڈویژن محمد نبیل اور پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ ایس پی محمدمحمد نبیل کے مطابق کرائے کے مکان میں 10سال سے رہائشی پذیر عتیق الرحمٰن نے بظاہر غربت اوربیروزگاری سے تنگ آکر بیٹیوں کو قتل کر کے خودکشی کی تاہم تحقیقات کی جارہی ہیں، جائے وقوعہ پر عتیق الرحمٰن نے ایک تحریر چھوڑی ہے کہ مکان کے ایک لاکھ 46ہزار کرایہ کی عدم ادائیگی کے باعث مالک مکان کے تقاضے سےتنگ آکر، بیوی کی وفات اور روزگارنہ ہونے کی پریشانی پرمیں نے بیٹیوں کو چھری سے ذبح کیا ہے ، تحریر کے مطابق جنازے ایدھی ویلفیئر کے حوالے کردئیے جائیں اور گھر کا سامان بھی ایدھی ویلفیئر کو دیدیا جائے۔ محلہ داروں کے مطابق عتیق الرحمٰن کورونالاک ڈائون کے ایام سےبیروزگار تھا ۔ اس نے کریانے ،سبزی اور دودھ والے کی بھی رقم دینی تھی اور ان کی جانب سے رقم کا تقاضا کئے جانے سےبھی پریشان تھا۔
ملک بھر سے سے مزید