• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی عالمی خطرہ، نمٹنے کیلئے مربوط ردعمل کی ضرورت ہے، جنرل باجوہ

راولپنڈی(ایجنسیاں)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراقی بحریہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ الزاید نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل احمد جاسم نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے جو خطے کو غیر مستحکم کرنے کا باعث بن سکتا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مربوط ردعمل کی ضرورت ہے ۔

معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں افواج کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثناءآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف رائل ملٹری اکیڈمی، سندہسٹ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ دورے کے دوران برطانیہ کی عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید