• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران فیصلہ کرلیں عوام کو حق دینا ہے یا پورا بندوبست ملیا میٹ کرانا ہے، حافظ نعیم

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ حکمران فیصلہ کرلیں عوام کو حق دینا ہے یا پورا بندوبست ملیا میٹ کرانا ہے، عوام سے جگا ٹیکس لینے کی بجائے اپنی عیاشیاں، شاہ خرچیاں، مفت پٹرول اور مفت بجلی ختم کریں، قوم کو جینے کا حق دیا جائے ، پرامن طریقہ سے20ستمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے ،پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ قوم کی توہین ہے ،پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے وصول کیا جانے والا بھتہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، یہ بھتہ ختم نہ ہوا تو جماعت اسلامی کی تحریک حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل کردی جائے گی۔اسلام آباد آبپارہ چوک میں خواتین کے جلسے اور راولپنڈی میں دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مسلسل مہنگائی، پٹرول اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کا جینا دشوار کردیا ہے، متوسط طبقے کا سفید پوش خاندان بھی زندگی کے معاملات چلانے سے قاصر ہے جبکہ غریب کے لیے دو وقت کی روٹی پوری کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتیں کم اور پٹرولیم لیوی فوری ختم کی جائے۔ بیس ستمبر کو اسلام آباد مارچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کنٹینر لگانے شروع کردیے ہیں، لیکن جماعت اسلامی پرامن رہے گی اور اپنے جمہوری حق کے لیے چاروں طرف سے اسلام آباد آئے گی۔پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے جاری دھرنوں کے گزشتہ اٹھائیسویں روز مری روڑ پر عوامی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے دوران پٹرولیم لیوی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے پچیس کروڑ عوام کی توہین کی ہے ، حکمرانوں کو ایک لیٹر پر ایک سو تیس روپے غنڈہ ٹیکس ختم کرنا پڑے گا ، قوم کی توہین برداشت نہیں۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، میاں محمد اسلم، امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی اقبال خان، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی سید عارف شاہ شیرازی اور دیگر راہنماؤں نے خطاب و شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید