• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے علوم کی تخلیق ہی قوموں کی تقدیر بد ل سکتی ہے ،ماہرین تعلیم

لاہور(خبرنگار) چیئرمین پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے اعلیٰ تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام’اعلیٰ تعلیم کی تھیوری سے ہنر میں تبدیلی‘ کے موضوع پر پوسٹ گریجویٹ طلباء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد فاروق، پی ایچ ڈی سکالر زنے شرکت کی۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا مقصد جدید رجحانات کو مدنظر رکھ کر نئے علوم کی تخلیق کرناہے کیونکہ ایک اچھا ادارہ قوموں کی تقدیر بدل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے انٹرنپنیورشپ کی تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر فیکلٹی کی تعیناتی سے ادارے آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ضروریات کے پیش نظرکئے جانے والے تحقیقی کاموں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ۔ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ اگر ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے لازمی ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کے شعبے کو ترقی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ روایتی تدریسی نظام کو ایسے نظام میں بدلنے کی ضرورت ہے جو تعلیم حاصل کرنے والوں میں فنی صلاحیتیں پیدا کر سکے ۔
لاہور سے مزید