لاہور (کرائم رپورٹر سے)پنجاب حکومت نے صوبے کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے نئے سال سے گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق یکم جنوری سے صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں نافذ ہوں گی، جبکہ کوڑا جلانے یا کھلے عام پھینکنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ستھرا پنجاب اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کے تحت گندگی پھیلانے پر 50 ہزار روپے سے لے کر5لاکھ روپے تک جرمانہ اور 3سے7سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر کوڑے کو آگ لگانے کی صورت میں5لاکھ روپے جرمانہ اور3سال قید جبکہ ٹائر جلانے پر 5لاکھ روپے جرمانہ اور 7سال قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔قوانین کے مطابق گھر، دکان یا فیکٹری سے کوڑا باہر پھینکنے پر25ہزار روپے، گلی محلوں کی نالیوں میں کوڑا پھینکنے پر10ہزار روپے جبکہ جانوروں کے فضلے یا باقیات کھلے عام پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔