پشاور( وقائع نگار) خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس اور محکمہ امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے باہمی اشتراک سے 14اگست2022جشن آزادی پاکستان کی 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں پشاور سپورٹس کمپلیکس میں میگا تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں روایتی ٹانگہ، رکشہ شو، جیپ شو، وینٹیج اینڈ کلاسک کار شو، موٹربائیک اور سکوٹر شوسمیت خیبرپختونخوا کے شہریوں کیلئے محفل موسیقی اور آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے محظوظ ہونے کیلئے کثیر تعداد میں شہریوں نے پشاور سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا۔ محفل موسیقی میں خیبرپختونخوا کے نامور گلوکاروں ہمایون خان، ذیک آفریدی، شاہد علی خان، سحرش خان، بختیار خٹک، رحمت بانواور لیلی خان نے اپنی آواز کا جادوجگایا جبکہ اس کیساتھ ساتھ روایتی رباب و تبلاموسیقی ، خٹک ڈانس پرفارمنس اور تقریب کے آخر میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی نے پاکستان کی 75ویں ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات میں امسال شندور پولوفیسٹیول، سیکھ برادری کیلئے سنگھ سبا گوردوارا صاحب کا دورہ، الخدمت فائونڈیشن کے یتیم بچوں کیلئے دورہ ناران، سوشل میڈیا انسٹاگرامرز کادورہ پشاور عجائب گھر،پشاور کے نوجوانوں کیلئے سٹی ٹوور ، ضم اضلاع میں جشن آزادی کے روز ٹوور ڈی اورکزئی سائیکل ریس،پیراگلائیڈنگ ، جیپ ریس سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔ ڈائمنڈجوبلی یوم پاکستان جشن آزادی کے موقع پر پشاور میں رکشہ اور ٹانگہ ریس کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب میں بہترین رکشہ ، ٹانگہ ، جیپ، کلاسک کار اور موٹربائیک کی سجاوٹ پر سرٹیفکیٹ اور انعام بھی تقسیم کئے گئے۔