راچڈیل (نمائندہ جنگ) پاکستانی تارکین وطن نے بھی یوم آزادی بھر پور طریقے سے منایا،برطانیہ کے مختلف شہروں کی طرح راچڈیل میں بھی متعدد تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالہ سے راچڈیل کرکٹ گرائونڈ میں مانچسٹر قونصلیٹ کی کرکٹ ٹیم جس کی قیادت قونصلر جنرل طارق وزیر کر رہے تھے اور پنجاب کرکٹ ٹیم کے درمیان محدود اوورز کا میچ منعقد ہوا ۔اس موقع پر مختلف شہروں کے میئرز جن میں راچڈیل کے میئر علی احمد‘ میئر آف بری شاہینہ ہارون ‘ کونسلر محمد ارشد ‘ کونسلر شاہد‘ کونسلر پیڑ رش‘ کونسلر عاصم رشید‘ کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ‘ سٹیڈیم میں فوڈ سٹریٹ کے علاوہ مینگوسٹالز بھی لگائے گئے۔برطانیہ میں پاکستانی آموں کی درآمدات کو فروغ دینے کے لیے آموں کے تمام ایکسپورٹرز کی کاوشوں کو سراہا گیا‘ عوام کی کثیر تعداد اور بچوں نے لنگڑا اور چونسہ آم کے ذائقوں کو بے حد پسند کیا، بچوں کی تفریح کے لیے خصوصی انظامات کیے گئے تھے ‘ کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود شرکا اور بچے ‘جیوے جیوے پاکستان‘دل دل پاکستان کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے ‘ کونسلر عاصم رشید نے اس موقع پر کہا کہ وہ ماضی کی طرح یوم آزادی کی ایسی تقریبات منعقد کراتے رہیں گے تاکہ نئی نسل میں پاکستان کا تشخص اجاگر کیا جا سکے اور وطن عزیز کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے ‘ میچ کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے کھلاڑیوں میں یادگاری شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے ۔